کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی قبضے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں ملک بھر میں ریلیز کی 13 ہزار 974 ایکڑ اراضی پر لینڈ مافیاز نے غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے ریلوے گورنمنٹ کا ادارہ ہے اور اسکی اراضی پر قبضہ کرنے کا مطلب ہے کہ گورنمنٹ کی زمین پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرمحمدعبدالقادرنے کہاکہ اراضی واگزار کرانے کے لئے تمام ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹس کو جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جانا چاہئے ریلوے کی 5512 ایکڑ زرعی اراضی، 3309 ایکڑ رہائشی، 769 ایکڑ کمرشل اراضی پر مافیا نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے سندھ میں 5 ہزار 948، پنجاب میں 5809 خیبر پختون خواہ میں 1181 اور بلوچستان میں 1034 ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری زمینوں پر قبضوں کے رجحان کو فوری طور پر ختم کرنا ہوگا ان قبضوں سے مافیاز کی دیدہ دلیری اور ریاست کو چیلنج کرنے کا تعاثر ملتا ہے لا قانونیت کا بڑھتا ہوا یہ رجحان عوام میں طاقتور مافیاز کا خوف پیدا کر رہا ہے جو لوگ سرکاری اداروں کی زمینوں پر قبضے کرنے سے نہیں چوکتے ان سے عوام کی جائیدادیں کیسے محفوظ رہ سکتی ہیں اس رجحان سے ریاست کی رٹ کمزور ہوتی ہے ریاست کی مدعیت میں ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جانا چاہئے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ریلوے کی قبضہ شدہ زمین فوری طور پر واگزار کرانے کی ہدایت جاری کردی جائیں اور ملزمان کو گرفتار کر کے ریاستی ادارے کی زمین پر قبضہ کرنے کے جرم میں تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے مافیاز نے اگر ریلوے کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے تو ایسے دیگر ادارے بھی موجود ہیں جن پر طاقتور لوگوں کے قبضے کئے ہوئے ہیں لوگوں نے تو قبرستانوں تک کی زمینوں پر ناجائز قبضے کر رکھے ہیں حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر ناجائز قبضے سے سرکاری زمینیں واگزار کروائے اور ملزمان کو عبرت کا نشان بنا تاکہ آیندہ کسی کو سرکاری و نجی جائیدادوں پر قبضے کرنے کی جرات نہ ہو۔
ریلویز کی 13 ہزار 974 ایکڑ سرکاری اراضی پر لینڈ مافیاز کا غیر قانونی قبضہ ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
