کوئٹہ(ڈیلی گرین گوار)ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان سلیم دشتی کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویژن میں کانگو وائرس کی مجموعی صورتحال اور اس کی روک تھام کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ ڈویژن حنیف کبزئی،ایم ایس بی این سی ڈاکٹر کامران گچکی،ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق،ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر نور بخش،ہیلتھ ڈپیارنمنٹ،لائیو سٹاک اور این اسٹاپ کے علاؤہ ودیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان دشتی نے کہا کہ کوئٹہ میں کانگو وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کی روک تھام اور درپیش خطرات سے بچاؤ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں۔اس حوالے سے عوام کو کانگو وائرس کے اثرات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے وائرس سے بچ سکے۔انہوں نے کہاکہ کانگو سے متاثرہ مریضوں سے احتیاط کریں۔ مریضوں سے رابطے سے بچیں۔ اگر آپ کو مریض سے رابطہ کرنا ضروری ہو، تو حفاظتی اقدامات کریں، جیسے کہ دستانے پہننا، ماسک پہننا اور اپنے ہاتھوں کو دھویں۔اس کے علاؤہ جانوروں سے احتیاط کریں۔ اگر آپ کو جانوروں کے نزدیک جاناضروری ہو تو حفاظتی اقدامات کریں، جیسے کہ دستانے پہننا اور جانوروں کو چھونے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو دھولیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگو وائرس پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے علاؤہ شہریوں کو بھی چائیے کہ احتیاط کریں تاکہ اس وائرس سے بچ جاسکیں۔اجلاس میں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں انفرادی مذبح خانوں پر پابندی عائد ہے اور روزانہ کی بنیاد پر گوشت کی دکانوں اور مذبح خانوں میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح چیسٹ ہیلتھ کیئر ہسپتال میں کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی نگہداشت اور علاج و معالجہ کیلئے ائسولیشن وارڈ قائم ہے جس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وائرس سے متاثرہ شخص کو علاج ومعالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کئے جائیں۔اس کے علاؤہ کانگو وائرس کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ تاکہ لوگ کانگو وائرس کے بارے میں جان سکیں، اس کے علامات اور اسے پھیلانے کے طریقے سے آگاہی لوگوں کو وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔
کانگو وائرس کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن

