کراچی (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے آئندہ انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کی جیت کا دعویٰ کردیا۔سوشل میڈیا پر ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آٹھ فروری کا سورج بلاول بھٹو زرداری کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔
انہوں نے سندھ میں بلدیاتی ضمنی انتخابات میں جیت پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دل کراچی نے بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب اور سلمان عبداللہ مراد کی کامیابی اہلِ کراچی کے مخالفین کے لیے خاص پیغام ہے۔
انہوں نے ضمنی انتخابات میں فتح پر پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا سفیر بن کر انتخابی مہم شروع کردے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے مشکلات کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی مشکلات ختم کرے گی۔

