کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے بجائے مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں صوبے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں حکمرانوں اور بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کرنے والی جماعتوں نے صوبے کے لئے کچھ نہیں کیا پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوامی طاقت سے منتخب ہوکر وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، بلوچستان کی خوشحالی کی بنیاد پیپلز پارٹی نے رکھی اور آئندہ بھی صوبے کو خوشحال بنائے گی،یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی خان محمد بڑیچ، کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑ، سید حسنین ہاشمی، شاہ جہاں گجر، سردار عمران بنگلزئی،یاسر بشیر، ارباب اسد کاسی، ایوب آغا سمیت دیگر نے اتوار کو کوئٹہ کے علاقے کلی بارانزئی میں میر صفی اللہ مینگل اور کلی دیبہ میں ٹکری در محمد بنگلزئی کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولت کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ میں سیاسی حقیقت بن چکی ہے عوام کی جوق در جوق پارٹی میں شمولیت اس بات کی گواہ ہے کہ کوئٹہ بلخصوص حلقہ 41کے عوام اب قوم اور مذہب پرست جماعتوں کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاست میں تنگ نظری کو فروغ دیکر صوبے کے عوام کا جو استحصال کیاگیا ہے اس کا حساب عوام بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں ضرور لیں گے آج نوجوان روزگار نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہیں، غربیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں مگر جو لوگ برسراقتدار آئے انکے گھر محلات میں تبدیل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار دیا، یہاں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی لیکن اس تسلسل کو آگے بڑھانے کے بجائے سازش کے تحت ترقی کو روکا گیا اور اپنے ذاتی و گروہی مفادات کو ترجیح دیکر صوبے کو پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ لیکر آئی ہے عوام نے منتخب کیا تو ہمارے نمائندے صوبے میں تعلیم،صحت، روزگار، پینے کے صاف پانی، سڑکوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات عوام کے دروازے تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو کامیاب بنا کر صوبے کی ترقی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار دیا، یہاں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی، نور الدین کاکڑ

ٹیگز:
نور الدین کاکڑ
