کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے بے گناہ فلسطینی عوام اورہسپتالوں پر بمباری اورہزاروں افراد کی شہادت اورزخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے اسرائیلی فوج کے گھناؤنے جنگی جرائم کا نوٹس لیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بے گناہ فلسطینی عوام اور شہری آبادی پر گزشتہ کئی رو ز سے اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں ابتک ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوچکے ہیں غزہ کی ناکہ بندی سے وہاں پانی کی قلت اورہسپتالوں میں عوام کاعلاج معالجہ رک گیا ہے جس سے کوئی بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین میں ہسپتالوں پر بمباری کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اس کا عالمی اداروں کو سخت نوٹس لیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام بیت المقدس کو یہودیوں سے آزاد کرانے کی جنگ لڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج وحشیانہ انداز میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے اور ابتک سینکڑوں مکانات تباہ ہوچکے ہیں اورلاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوکر بے یارومددگار کھلے آسمان تلے پناہ لئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی یہ حالت مسلمان حکمرانوں کی عیاشیوں اور یہودی کے آلہ کارہونے کی وجہ سے ہے اللہ تعالیٰ نے قرآن میں بھی کہا ہے کہ یہود ی کبھی بھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے لہذا مسلمان حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئے اسوقت مسلمانوں کو مولانا صلاح الدین ایوبی جیسے لیڈرکی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ،او آئی سی،اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی دہشت گر د فوج کی جانب سے بے گناہ فلسطینی عوام اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے اورہزاروں افرادکی شہادت اورزخمی کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو رکوانے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔
او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے اسرائیلی فوج کے گھناؤنے جنگی جرائم کا نوٹس لیں،لالہ یوسف خلجی

ٹیگز:
لالہ یوسف خلجی
