غزہ: غزہ پر اسرائیل کی جارحیت کا گیارہواں روز، صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی۔ اسرائیل کے غزہ کے علاقے خان یونس اور مصر کی سرحد رفاح پر میزائل حملے جاری ہیں، جن میں 80 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان نے خبردار کیا ہے اگر اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو ایران کے حامی گروپ بھی جنگ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں پینے کا پانی، خوراک اور ایندھن ختم ہونے کے قریب ہے۔ جس سے شدید انسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل کی حمایت کیلئے کل تل ابیب پہنچیں گے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کا گھناؤنا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ اسرائیل فلسطین جنگ بندی کیلئے سلامتی کونسل میں روس کی قرارداد ناکام بنادی گئی ہے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس اور جاپان نے روسی قرار داد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ البانیا، برازیل، ایکواڈور، گیانا، مالٹا اورسوئٹزرلینڈ نے ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر دہشتگرد صیہونی ریاست کی خاموش حمایت کی۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کےلیے چین، متحدہ عرب امارات، گبون اور موزمبیق نے قرارداد کی حمایت کی۔ روسی قرارداد کی منظوری کےلیے نو ووٹ درکار تھے۔ قرارداد میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا گیاعام شہریوں کے خلاف تشدد، دہشتگردی کی مذمت کی گئی تھی۔
قرار داد ناکام ہونے پر روسی مندوب نے کہا آج پوری دنیا منتظر تھی کہ سلامتی کونسل خون ریزی کے خاتمے کے لیے اقدام کرے گی مغربی ممالک کے نمائندوں نے امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

