کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اورڈالر کی قیمتوں میں واضح کمی کا فائدہ صحیح معنوں میں عوام تک پہنچاناچاہئے،مصنوعی مہنگائی،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں ودکانداروں کیخلاف کاروائی اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔یہ بات انہوں نے منگل کومسلم لیگ(ن) کے رابطہ دفتر میں ملاقات کرنے والے مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے غریب عوام دووقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں تو دوسری طرف مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری نے رہی سہی قصر پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے ڈالر کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ڈالر کی قیمت 335سے کم ہوکر275روپے ہوگئی ہے جب کہ پیٹرول کی قیمت 333سے کم ہوکر 283روپے ہوگئی ہے اب حکومت کوچاہئے کہ وہ ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام کوبراہ راست پہنچانے کیلئے موثر اور عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناکر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتا ہے اب ڈالراور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ بھی عوام کو ہوناچاہئے تاکہ مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کوکچھ ریلیف مل سکے۔ اُنھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمدنواز شریف کا پاکستان واپس آنا ہی غریب عوام کے لئے ایک اُمید کی روشن کرن ہے اور انشاآللہ اُنکے واپس آنے سے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے ملک میں خوشحالی اور استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
پٹرولیم مصنوعات اورڈالر کی قیمتوں میں واضح کمی کا فائدہ صحیح معنوں میں عوام تک پہنچاناچاہئے، چوہدری نعیم کریم

ٹیگز:
چوہدری نعیم کریم
