حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کی مضبوط ترین سیاسی جماعت ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ یہاں کے غیور عوام کو جاتا ہے،جس طرح حب کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں، آئندہ انتخابات میں عوام کے اعتماد کے ووٹوں سے پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے۔اپنے اعزاز میں انجینئر سعید احمد مینگل کی جانب سے دیئے گئے عصرانہ سے خطاب کر تے ہوئے میر علی حسن زہری نے علاقہ معززین کا عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیاسی و سماجی امور سمیت آئندہ انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگوہوئی۔ اس موقع پر امیر سعید احمد مینگل، میر گہرام خان مینگل، میر مسعود خان مینگل، محمد عارف مینگل، ماسٹر شاہ نظر مینگل، محمد عامر خان مینگل سلیم مینگل، یعقوب زہری، دوست محمد مینگل شریف پالاری،محمد عثمان کوہ بلوچ،حاجی انور رونجھو، سردارزادہ نعیم بلیدی محمد جان مری میر علی اکبر زہری اور پیپلز پارٹی ضلع حب کے دیگر عہدیداراں بھی موجود تھے۔ دریں اثناء ایک اور تقریب میں میر علی حسن زہری نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے محترمہ دُر بی بی بزنجو سمیت علاقے کے تمام نوجوانوں کو شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی اور پارٹی پرچم پہنایا۔میر علی حسن زہری نے زہری ہاؤس حب میں منعقدہ اس تقریب کے مہمانوں کا استقبال کیا۔ میر علی حسن زہری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح حب کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اس سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور اپنی بچی کھچی سیاست کو بچانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جس سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ ان کی ذاتی مفاد پرستی کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو یقین دلایا کہ جس طرح انہوں نے ہم پر اعتماد کیا ہے ہم ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی حتی الوسع کوشش کریں گے۔دریں اثناء میر علی حسن زہری کی زیر صدارت پارٹی کا اجلاس زہری ہاؤس حب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں پارٹی کا منشور گھر گھر پہنچانے کے لئے بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں عوام کے بنیادی مسائل اور ان کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع لسبیلہ کے صدر حاجی انور رونجھو، عثمان کوہ اور سرکردہ پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
