سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے، سینیٹر عبدالقادر

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و بین الاقوامی اقتصادی امور پر گہری نظر رکھنے والے زیرک سیاستدان سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ آخری الہامی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات کا آئے روز رونما ہونا دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے اسلام اور قرآن مجید کی تعلیمات میں ہدایت، بندگی اور رواداری کی تعلیم جا بجا ملتی ہے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے پاکستان کے مسلمان بھی اس بے ادبی پر سراپا احتجاج ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اہل مغرب نے قرآن مجید کی بے حرمتی کو وطیرہ بنا لیا ہے اس لئے اب وقت آ گیا ہے کہ اہل مغرب کو سبق سکھایا جائے اہل مغرب کو قرآن پاک اور عام کتاب میں فرق محسوس نہیں ہوتا یہ آزادی رائے بالکل نہیں یہ رائے کے اظہار کی حدود سے تجاوز ہے اب مغرب کو آزادی رائے سے متعلق سبق بھی پڑھانا ہوگا اوراق مقدسہ کی بے حرمتی کسی طور اظہار رائے کا معاملہ نہیں عید کے بابرکت دنوں میں اسی حرکت مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ سویڈن پر سفارتی سطح پر معاملے کو اٹھایا جائے تاکہ بے ادبوں اور انہیں تحفظ فراہم کرنے والوں کو معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہو سکے مراکش نے سویڈن سے اپنے سفیر کو غیر معینہ مدت کیلئے واپس بلا لیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اور اردن نے سویڈش سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے یہ کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں یہ عالمی اہمیت کا حامل معاملہ ہے اس سلسلے میں یورپین یونین کی مذمت اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کی ضرورت ہے عراق میں سویڈن کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنا انتہائی ضروری تھا پوری امہ کو عالمی فورمز پر متحد ہو کر احتجاج کرنا چاہیے اسلام الہامی کتب، انبیاء اور صحابہ کرام کی حرمت کا خیال رکھنا امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے مذاہب کے احترام کے حوالے سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں پایا جانے والا ادب اور باہمی احترام غیر معمولی طور پر اہمیت کا حامل ہے دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ایسی بے ادب اقوام کا سفارتی بائیکاٹ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے