صحت کارڈ سے متعلق اسٹیٹ لائف کے ساتھ معاہدہ خوش آئند ہے، سید احسان شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام محکمہ صحت اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے مابین معاہدے کی تقریب کا انعقاد ہوا۔صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ، چیئرمین بی آر اے نورالحق بلوچ، چیئرمین اسٹیٹ لائف شعیب جاوید حسین، سیکرٹری صحت اسفندیار خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اسٹیٹ لائف منظور علی شیخ، عبدالشکور شیخ و دیگر حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اسد اللہ کاکڑ اور ڈویژنل ہیڈ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی محمد عشر نے ہیلتھ کارڈ ایگریمنٹ پر باقاعدہ دستخط کئے۔ تقریب سے صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ سے متعلق اسٹیٹ لائف کے ساتھ معاہدہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خصوصی طور پر ہدایت دی ہے کہ صحت کارڈ کے جلد اجراء کو پہلی ترجیح دی جائے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ بلوچستان کا ہر وہ باشندہ چاہے وہ جھونپڑی ہو یا سنگلاخ چٹانوں یا ساحلی علاقوں میں رہ رہا ہے اس پروگرام سے مستفید ہوگا۔ جنہیں 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 2ماہ کے اندر اندر باقاعدہ صحت کارڈ لانچ کیا جائے گا اور پینل پر موجود ہر ہسپتال میں باقاعدہ ایک معلوماتی سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں اس امر پر زور دیا کہ میڈیا اس تاریخی پروگرام کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ چیئرمین بی آر اے نورالحق بلوچ نے خطاب میں کہا کہ صحت کارڈ سماجی تحفظ کا نہایت ہی اہم پروگرام ہے۔ اس سے پہلے 8 بلین روپے سے بلوچستان انڈومنٹ فنڈ سے بھی مریضوں کو علاج معالجے کیلئے مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پروگرام سے دور دراز علاقوں کے لوگ مستفید ہونگے۔ چیئرمین اسٹیٹ لائف شعیب جاوید حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ لائف رئیل ٹائم سروس مہیا کرے گا۔ بلوچستان حکومت کے ساتھ معاہدہ اسٹیٹ لائف کے لیے فخر کی بات ہے۔سیکرٹری صحت اسفندیار خان اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ صحت کے شعبے میں گیم چینچر ثابت ہوگا۔ اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔سی ای او بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اسد اللہ کاکڑ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام بلوچستان میں ہرشہری کو فراہم کیاجانے والا ایک منفرد پروگرام ہے۔ ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ سہولت کے تحت ملک بھر کے 1200 ہسپتالوں میں صحت کی مفت سہولیات دی جائیں گی۔ اس سے قبل محمد عشر ڈویڑنل ہیڈ اسٹیٹ لائف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 34 اضلاع میں 20 لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہونگے۔ 24/7ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔ ہر ہسپتال میں سہولت ڈیسک بنایا جائے گا۔ رئیل ٹائم ڈیٹا اور مانیٹرنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے گا۔ انہوں مزید بتایا کہ بلوچستان کے ہر باشندے کا قومی شناختی کارڈ ہی ان کا صحت کارڈ ہوگا۔