اداکارہ ندا یاسر نے سوشل میڈیا صارف کو بد تمیز کہہ کر نئی بحث چھیڑ دی

کراچی: پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی اینکر پرسن اور اداکارہ ندا یاسر نے سوشل میڈیا صارف کو بد تمیز کہہ کر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے اپنی ایک پوسٹ پر کمنٹ کرنے والے سوشل میڈیا صارف کیلئے بد تمیز جیسا نامناسب لفظ استعمال کیا ، قبل ازیں 5 سالہ مروہ کے والدین کو شو پر بلا کر بھی ندا یاسر نے متنازعہ موضوع چھیڑا تھا جس پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ ندا یاسر کی پوسٹ پر تبصرہ کرنے والے ایک صارف نے کہا کہ آپ مشہور فنکاروں کو اپنے شو میں کیوں نہیں بلاتیں، 2 نمبر اداکاروں کو ہی کیوں دعوت دی جاتی ہے؟ اپنے شو میں ماورا حسین، ہانیہ عامر، مہوش حیات یا ہمایوں سعید کو بلائیں۔

جواباً مناسب انداز میں جواب دینے کی بجائے ندا یاسر نے کہا کہ میں مشہور اداکاروں کو پہلے ہی شو پر بلا چکی، اور آپ ہوتے کون ہیں کسی کو 2 نمبر ادا کار کہنے والے۔ جس کے بعد انہوں نے لفظ بد تمیز لکھ کر سوشل میڈیا پر آگ لگا دی کیونکہ دیگر صارفین کو ندا یاسر کا یہ اندازِ گفتگو پسند نہیں آیا۔

ایک خاتون صارف نے ندا یاسر سے سوال کیا کہ تبصرے میں ایسی کیا بدتمیزی کی گئی؟ اپنے شو میں تو آپ بہت تہذیب سے پیش آتی ہیں، یہاں بھی ایسا ہی رویہ اپنالیا کریں۔ ایک دوسری خاتون نے کہا کہ ہم وہ ناظرین ہیں جو آپ کو دیکھ کر آپ جیسی فنکارہ کو ریٹنگز دلانے کا باعث بنتے ہیں۔ ہمیں بدتمیز کہنے کی بجائے شکریہ ادا کریں۔

دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ندا یاسر کا ساتھ بھی دیا۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ندا یاسر کا جواب بالکل درست تھا۔ ایک خاتون صارف نے 2 نمبر کا اداکار کہنے والے صارف کو شرم بھی دلائی اور کہا کہ اپنے فنکاروں کی قدر کریں، نہ کہ تنقید۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے