راولپنڈی،پولیس اور قبضہ مافیا میں مقابلہ، ایک ملزم ہلاک، 26 گرفتار
راولپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) راولپنڈی تھانہ چکری کی حدود میں قبضہ مافیا کے مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، ملزمان 2 گھنٹے تک پولیس پر فائرنگ کرتے رہے، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک 2 زخمیوں سمیت 26 ملزمان گرفتار بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان کے بنکرز کو پولیس نے ہیوی مشینری سے مسمار کردیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ چکری کی حدود میں بڑے رقبے پر قبضے کی اطلاع ملی تھی، پولیس نفری موقع پر پہنچی تو جدید ہتھیاروں سے لیس ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، ملزمان غیر قانونی بنکرز سے مسلسل دو گھنٹے تک فائرنگ کرتے رہے۔ حالات کی کشیدگی دیکھتے ہوئے راولپنڈی کے 10 تھانوں کی نفری اور ایلیٹ کمانڈوز کی 8 سکیشنز کو موقع پر طلب کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے بھی حصہ لیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تعداد اور فائرنگ کو دیکھتے ہوئے بکتر بند گاڑی کو بھی موقع پر روانہ کیا گیا، دو گھنٹے سے جاری فائرنگ تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو زخمیوں سمیت 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے جھڑپ میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے آپریشن میں موجود تمام پولیس اہلکاروں کو بلٹ پروف ہیلمٹس اور جیکٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی، اندھیرے کے باعث کل تک سرچ آپریشن کو ملتوی کیا ہے۔