ژوب (ڈیلی گرین گوادر) عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتا ہوں، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ژوب ترقی کے دور میں داخل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی حاجی مٹھا خان کاکڑ نے دہانہ عبداللہ زئی خوجلزئی میں حمران ڈیم کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ژوب میں 17 ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ ہم اپنے حصے کی زمہ داری نبھا رہے ہیں۔ لیکن اسی حلقے کا ایم این اے جو کہ موجودہ حکومت میں وفاقی وزیر بھی ہے۔ انہوں نے اپنے چار سالہ دورِ وزارتِ میں ساڑھے پانچ ارب روپے قلعہ سیف اللہ میں خرچ کئے ہیں کیا ژوب عوام نے انھیں ووٹ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اور ایم این اے وفاقی وزیر کی چار سالہ کارکردگی عوام کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ مذہبی جماعت کے صوبائی امیر کی جانب سے مجھے پی بی 2 کیلئے پارٹی ٹکٹ دینے کی آفر کی گئی۔ لیکن میں نے ممکنہ طور پر اپنی جیتی ہوئی سیٹ پر کمپرومائز نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کے بل بوتے پر 2023 کے جنرل الیکشن میں پی بی 1 اور پی بی 2 سے قومی و صوبائی سیٹ کی جیت ہماری مقدر ہوگی۔ خطاب کے دوران انہوں نے حلقہ پی بی ون ژوب کم شیرانی کے لئے حاجی شاہ زمان کاکڑ کو بطور امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدرحاجی شاہ زمان کاکڑ نے کہا کہ عوام مزید مذہبی اور لسانی نعروں کے خوشنما دھوکے سے خود کو بچا کر علاقے کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں۔ ہم مذہبی یا لسانی نعرے کے بجائے بلا تعصب عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تقریب میں موجود ہزاروں افراد نے حاجی شاہ زمان کاکڑ کو بطور امیدوار خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور حمایت کرنے کا عندیہ دے دیا۔ تقریب سے بی اے پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خیر محمد مندوخیل، فضل آمین مندوخیل، رحمت اللہ کاکڑ، نقیب اللہ بابڑ، مولوی قطب الدین خوستی، حاجی بشیر کاکڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ژوب ترقی کے دور میں داخل ہوگا، حاجی مٹھا خان کاکڑ

ٹیگز:
حاجی مٹھا خان کاکڑ
