آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی، قاسم خان سوری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و سابق ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری،سیکرٹری سپورٹس عمر خان اچکزئی، داود خان پانیزئی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کوسیاست سے مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں نام نہاد الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قراردیئے جانے کے خلاف پوری قوم نے سڑکوں پرنکل کر احتجاج کرکے یہ ثابت کردیا کہ پاکستانی عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو عمرخان اچکزئی سپورٹس کمپلیکس پرنس روڈ پرقاسم خان، سید اللہ،عبدالکریم اچکزئی، محمد امین،عبدالمتین، احمد ولی،شاہد خان یوسفزئی، منظوراحمد، محمد نسیم،عصمت اللہ، حاجی یونس آغا، عامرخان، سعداللہ کاسی، بسم اللہ کاسی، ملک اویس کاسی، افتخار درانی سمیع درانی، ایوب درانی، قادر درانی، صادق، شعیب ثناء اللہ، عطاء اللہ،محمد عمر، محیب اللہ، عبداللہ، عصمت اللہ، عرفان اللہ،قدرت اللہ کی اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر عالم کاکڑ،سردارزادہ ادریس تاج،نورخان خلجی، اکرم ترین،عبداللہ اوردیگررہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے مقدس نام پرمعرض وجود میں آیا تھا لیکن 75سال تک پاکستانی عوام پر حکمرانی کرنے والوں نے عوام کو غیروں کا غلام بنا دیاپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کو حقیقی آزادی دلانے کابیڑہ اٹھا رتھا ہے حقیقی آزادی مارچ اب لازم ہوچکا ہے اور انشاء اللہ آنے والوں دنوں میں عمران خان آزادی عمران کا اعلان کریں گے ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے اور مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے ملک میں مہنگائی کو بہانہ بناکر امریکہ سے ڈالر لیکر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ختم کیا پی ڈی ایم کی حکومت کے دوران مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں 100کلو گرام آٹے کا تھیلہ 5ہزار سے بڑھ کر12ہزارروپے تک پہنچ گیا ہے پٹرولیم 150سے بڑھ کر230روپے تک پہنچ گیا ہے اب ان سیاسی یتیموں کو مہنگائی نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے یہ ثابت کردیا کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں اورآنے والا وقت تحریک انصاف کا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے کو گریبان سے پکڑنے کا اعلان کرنے والے آج اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے ایک جگہ اکٹھے ہوئے ہیں شہباز شریف جس پر 16ارب روپے کی چوری کے الزام میں فرد جرم عائدہونا تھی اسے وزیراعظم بنادیا گیا اب حکومت میں شامل جماعتیں این آر او کے ذریعے اپنے مقدمات ختم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں انکا یہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے نئے شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی پاکستان تحریک انصاف کے پیغام کوگھر گھر پہنچائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے