چور خود دوسروں کو چور کہتا رہا،احسن اقبال
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کیے گئے ،متاثرین پر لگاتے شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس عدالت نے خارج کر دیا، الف لیلیٰ کی من گھڑت کہانی بنا کر تقسیم پیدا کی گئی، میرے خلاف بےبنیاد ریفرنس بنایا گیا اور بے بنیاد مقدمات بنا کر کردارکشی کی گئی۔
عمران نیازی لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، عمران نیازی کے دور میں کرپشن کی گئی، ایک تہائی پاکستان سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران نیازی مسلسل اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کیے گئے ،متاثرین پر لگاتے شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے۔احسن اقبال نے الزام لگایا کہ عمران نیازی اگلے الیکشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں، شوکت خانم کے نام پر اکٹھے کیے گئے فنڈز کو سیاست میں جھونک دیا گیا، عمران خان اداروں کے خلاف تقاریر کرتے ہیں، عمران نیازی فارن فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کا کام لیتے ہیں، ان کا کام عمران نیازی کا مقصد آئین کو پامال کرنا ہے۔
عمران نیازی کہتے ہیں سائفر کی تحقیقات ہوں گی تو پارلیمنٹ میں آئیں گے، کیا عمران نیازی کسی غیر ملکی ایجنسی سے تحقیقات کروانا چاہتے ہیں؟ وہ صرف انارکی چاہتے ہیں، تمام انٹیلی جنس ایجنسیز، وزارت خارجہ، مسلح افواج نے کہہ دیا کہ سائفر میں کچھ نہیں ہے، ایک ایٹمی طاقت غلام نہیں ہوسکتی، پاکستان قوم کسی کی غلام نہیں۔آڈیو لیکس سنگین معاملہ ہے، تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی گئی ہے، آڈیو لیکس ریاست کے لیے بڑا چیلنج ہے، بہت جلد اس کے قریب پہنچیں گے، ہماری ترجیح اول وآخر سیلاب زدگان کی مدد ہے، جب تک بہن بھائیوں کو دوبارہ کھڑا نہ کردیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔