وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں،شیخ رشید
روالپنڈی (ڈیلی گرین گوادر)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 27 کلومیٹر کی حکومت اپنے گرد خود سارے صوبوں کا حصار بنوانے کی ذمہ دار ہے، وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج 70 وزراء 2 کے اضافے کے بعد 72 ہوگئے ہیں، لوگ سیلاب اور ڈینگی سے مر رہے ہیں، اور یہ امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں قیام کررہے ہیں۔
شیخ رشید کہنا تھا کہ رات 2 بجے پیٹرول پر شب خون مارا گیا اور 1.50 روپے اضافہ کر دیا، ہر روز روپے کی قدر میں کمی، اجناس، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، طاقتور بے قصور اور غریب قصوروار ٹھہرے ہیں، ہائی کورٹ نے پینا ڈول دلائی ہے اب آٹا بھی دلائے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک تقرری سب پر بھاری ہوگئی ہے، اس کا فیصلہ ہونے والا ہے، کہ الیکشن کی طرف جانا ہے یا بند گلی میں، ابھی عمران خان کی کال نہیں آئی، سینکڑوں کینٹینرز اسلام آباد آگئے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وفاقی کی جانب سے اسلام آباد میں 30 ہزار کی نفری منگوائی گئی ہے، رنجیت سنگھ کی سوچ اسلام آباد کو پانی پت کا میدان بناناچاہتی ہے، 27 کلومیٹر کی حکومت اپنے گرد خود سارے صوبوں کا حصار بنوانے کی ذمہ دار ہے۔سابق وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وقت آنے پر صوبائی اسمبلیاں توڑی جاسکتی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگ رہی ہے جب کہ الیکشن ہی ملکی استحکام کا واحد حل ہے۔ عوام کا فیصلہ 2 ٹوک ہے، الیکشن کراؤ اورگھر جاؤ۔