خضدارمیں ڈکیتی ورہزنی عروج پر، ایک محنت کش ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) خضدار میں ڈکیتی و رہزنی عروج پر، ایک محنت کش ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی، عدم تحفظ کا عالم یہ ہے کہ اب خضدار میں ڈاکوں گھروں کو پھلانگ کر لوگوں کو لوٹنے لگے۔ پولیس کی کارکردگی شہریوں کے لئے سوالیہ نشان بن گیا۔خضدار میں سیلاب اور بارش کے پانی سے لوگ سہمے ہوئے تھے کہ ان پر رہزنی برق بن کر گری۔ بدھ کی شب کھٹان پل سے متصل لنک روڈ پر واقعہ ایک گھر میں ڈاکو دیدہ دلیری سے گھس آئے۔ وہاں پر موجود محنت مزدوری کرنے والے افراد کو لوٹنے لگے۔ مزاحمت پر غلام محمد نامی شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ رہزن موبائل اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ شہر خضدار میں چور ڈاکوؤں گزشتہ چند روز و چند ہفتوں سے شہریوں کو دیدہ دلیری سے لوٹ رہے ہیں تاہم ان کی گرفتاری اور روک تھا کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدام نظر نہیں آرہاہے۔ اس حوالے سے شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر بہت سارے سوالات اٹھائے ہیں اور شہری یہ شکوہ کررہے ہیں کہ پولیس عوام کی جان و مال کو تحفظ دینے میں سنجیدہ نہیں اور نہ ہی پولیس عوام کو تحفظ دینے کا موڈ بنارہی ہے۔ شہریوں نے تحفظ کی خاطر خضدار سٹی اور مضافات لیویز فورس کے اختیارات بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے