اگلے سمسٹر سے یونیورسٹی آف گوادر ایک نئی سوچ اور پرواز سے آگے بڑھے گی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف گوادر کا ایک اہم اجلاس 20 جون 2022 کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ اگلے سمسٹر سے یونیورسٹی آف گوادر ایک نئی سوچ اور پرواز سے آگے بڑھے گی۔ نئے شعبے اور نئے مضامین متعارف کروائے جائیں گے۔ میری ٹائم افیئرز اور میرین سائنسز پڑ ھانے اور تحقیق کے لیے یونیورسٹی میں ایک اعلی سطحی سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جارہا ہے۔ گوادر پورٹ کی اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پورٹ مینجمنٹ سے متعلق نئے مضامین میں بی ایس اور ڈپلومہ کورسز شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی اہمیت اور ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں گوادر یونیورسٹی کے منصوبے کو ترجیح بنیادوں پر منظور کرایا ہے اور نہایت کم وقت میں اس منصوبے کو معیاری انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر اگلے مالی سال سے ترجیح بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریجن میں اعلی تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لیے یونیورسٹی کے حقدار طلبا کو اسکالرشپ دیئے جائیں گے۔نیز اعلی تعلیم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی معاملات میں دلچسپی اور ان کی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام، گورنر بلوچستان، وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹری پلاننگ اور مالیات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کی معاونت اور دلچسپی کو سراہا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس، ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، اسسٹنٹ رجسٹرار کے علاوہ تمام تدریسی شعبوں کے سربراہ اور انتظامی عہدہداران بھی موجود تھے۔