یوکرین جنگ کے باعث عالمی سطح پر خوراک کا بحران بڑھ گیا، انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے باعث عالمی سطح پر خوراک کا بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے اور اگر اس پر قابو نہیں پایا گیا تو اس کا سامنا برسوں تک ہوسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ جنگ ، گرم موسم اور کورونا وبا کے باعث سپلائی کے مسائل کے باعث اجناس اور کھاد کی قلت ہوئی ہے جس کے باعث کروڑوں افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے گلوبل فوڈ سیکیورٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس بحران کے بڑھنے سے غذائی قلت، بڑے پیمانے پر بھوک اور قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا کئی برس تک ہوسکتا ہے۔انہوں نے روس پر زور دیا کہ یوکرین کی اجناس کی برآمدات کو فوری طور پر جاری کیا جائے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ روس اور دیگر ممالک سے رابطے میں رہ کر اس بحران کے حل کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسکو، یوکرین، ترکی، امریکا اور یورپی یونین سمیت دیگر فریقین سے مشاورت کی جارہی ہے مگر ابھی تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں کیونکہ اس سے کامیابی کا امکان متاثر ہوسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے