آئین کی خلاف ورزی کرنیوالے کو نشان عبرت بنانا چاہئے، سعید غنی
کراچی (ڈیلی گرین گوادر) وزیرِاطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 14 سے 15 ارکان منحرف ہو چکے ہیں۔ عمران خان اکثریت کھونے پر جنونی ہوچکے اور اپنے ایم این ایز پر حملے کرا رہے ہیں۔ عمران نیازی نے خود کہا تھا اگر مجھ پر عدم اعتماد ہوا تو میں عہدہ چھوڑ دوں گا۔ وہ 172ارکان کا اعتماد ظاہر کریں تو اپوزیشن جان چھوڑ دے دی۔
اُنہوں نے کہا کہ آئین میں درج ہے کہ اسپیکر کو 14 روز میں اجلاس بلانا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی غیرآئینی اقدامات کررہے ہیں، ان کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔وزیرِاطلاعات سندھ وفاقی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے بولے فواد چودھری اور شیخ رشید کو اگلی کابینہ میں وزارت کی یقین دہانی ہو جائے تو آج عمران خان کے خلاف ہوجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں رہنے والوں نے آئین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، سندھ ہاؤس پر ہونے والے حملے سے ارکان کے خدشات ثابت ہوگئے۔ بدقسمتی ہے کہ وزیرداخلہ کہہ رہا تھا ان پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کریں گے۔ کل کراچی میں بھی ایک رکن قومی اسمبلی پر کارکنوں نے حملہ کیا۔سعید غنی بولے کہ جلسے اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا کام ہوتا ہے، وزیراعظم کا نہیں، یہ پہلی حکومت ہے جو کام کرنے کے بجائے احتجاج اور جلسے کررہی ہے۔