علی نواز اعوان کے الزامات پر سینئر صحافی خاتون عاصمہ شیرازی نے ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سینئر صحافی عاصمہ شیرازی نے وزیراعظم عمرا ن خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔عاصمہ شیرازی نے علی نواز اعوان کی جانب سے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں الزامات لگانے پر ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علی نواز اعوان جھوٹے، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر 14 دن کے اندر معافی مانگیں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
28 فروری کو وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران سینئر صحافی عاصمہ شیرازی پر پیسے لے کر کالم لکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے پروگرام میں سوال اٹھایا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں صحافیوں پر پیسے لے کر گند لکھنے کا الزام لگایا ہے اگر اس بنیاد پر وزیراعظم کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرایا جائے تو کیا وزیراعظم الزام ثابت کر پائیں گے؟
جواب میں علی نواز اعوان نے سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے کالم کا حوالہ دے کر ان پر پیسے لے کر کالم لکھنے کا الزام عائد کیا۔سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کی طرف سے وکلا نگہت داد، ایمان زینب مزاری حاضر اور ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔