وزیراعظم کی توجہ سے گوادر کے وفاقی حکومت سے متعلق مسائل کا حل بھی یقینی ہوگا، میرعبد القدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی توجہ سے گوادر کے وفاقی حکومت سے متعلق مسائل کا حل بھی یقینی ہو گا، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گوادر کے مسائل کا نوٹس لینا انتہائی خوش آئند امر ہے،ہماری تما م تر توجہ گوادر کی ترقی کی جانب مرکوز ہے۔یہ بات انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی کی قیادت میں بی این پی کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ گوادر ہمارا قیمتی اثاثہ ہے گوادر اور اسکے لوگوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے گوادر کی ترقی ہماری حکومت کی مربوط پالیسی کا اہم حصہ ہے ہمیں گوادر کے عوام اور انکے مفادات بیحد عزیز ہیں اپنے سابقہ دور حکومت میں بھی گوادر شہر کے ترقیاتی منصوبوں کو گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرایا جب سے ہماری حکومت قائم ہوئی ہے ہماری تما م تر توجہ گوادر کی ترقی کی جانب مرکوز ہے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے زریعہ گوادر کے عوام کو پانی بجلی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرینگے انہوں نے کہاکہ غیر قانونی ٹرالنگ کے مستقل بنیادوں پر خاتمہ کے زریعہ مقامی لوگوں کے روزگار و حقوق کو تحفظ دینگے سرحدی تجارت کے آغاز سے وہا ں کے لوگوں کے زریعہ معاش کے فروغ ملے گا انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گوادر کے مسائل کا نوٹس لینا انتہائی خوش آئند امر ہے وزیراعظم کی توجہ سے گوادر کے وفاقی حکومت سے متعلق مسائل کا حل بھی یقینی ہو گاوفاقی و صوبائی حکومتیں مشترکہ لائحہ عمل کے زریعہ گوادر کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی کو یقینی بنائیں گی۔