افغانستان کے لیےاقوام متحدہ نے ہنگامی فنڈز جاری کر دیے

افغانستان میں اسپتالوں کی گھمبیر صورتحال کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ نے ہنگامی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں اسپتالوں کی خراب ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر 45 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد جاری کر دی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ادویات، طبی سامان اور ایندھن ختم ہو رہا ہے۔بنیادی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ لازمی ہیلتھ کیئر ورکرز تک کو تنخواہوں کی ادائیگی رک چکی ہے۔
افغانستان کو ملنے والی بین الاقوامی امداد بند ہونے سے نظام صحت تقریباﹰ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور اسپتالوں میں کام کرنے والا کافی زیادہ عملہ بھی غیرحاضر ہے
مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا کہ کسی بھی بڑے بحران سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ نے اپنے مرکزی ایمرجنسی فنڈ سے مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ہیلتھ کیئر ڈیلیوری سسٹم کو گرنے دینا تباہ کن ہو گا۔ ملک بھر کے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی سے انکار کر دیا جائے گا۔
ان کے مطابق یہ مالی امداد اقوام متحدہ کے پارٹنر اداروں اور غیرسرکاری تنظیموں کی مدد سے فراہم کی جائے گی تاکہ رواں برس کے اختتام تک کوویڈ سینٹرز اور اسپتالوں کو چلایا جا سکے۔
مارٹن گریفتھس کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اقوام متحدہ کا ادارہ افغان شہریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس اعلان سے ایک روز پہلے عالمی ادارہ صحت کے ایک وفد نے طالبان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی تھی۔ جس میں ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ اگر امداد نہ ملی تو ہسپتال بند ہو جائیں گے اور اگر ایسا ہوا تو طالبان حکومت کورونا وائرس اور پولیو جیسی بیماریوں سے لڑنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مدد نہیں کر سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے