قلات (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے ٹیچنگ ہسپتال قلات کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے دستیاب طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔قائمقام ایم ایس ڈاکٹر محمد یعقوب زہری اور ڈاکٹر گنشام داس نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور انہیں طبی سہولیات، انتظامی امور اور درپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی و غیر طبی عملے کی حاضریاں چیک کیں۔ انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، آئی ٹی سیکشن اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی بغور جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اپنی حاضریاں یقینی بناتے ہوئے مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنے مقدس پیشے سے مخلص رہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور مریضوں و ان کے لواحقین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی.
انجینئر عائشہ زہری نے ٹیچنگ ہسپتال قلات کا اچانک دورہ , ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، آئی ٹی سیکشن اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا

ٹیگز:
انجینئر عائشہ زہری
