کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52ویں برسی کے موقع پر خان شہید کو ان کی قومی، وطنی، سیاسی، جمہوری خدمات پر زبردست خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے خان شہید کی برسی ایسے حالات میں منائی جارہی ہے کہ ملکی بدترین بحرانوں اور خطے کے نا مساعد حالات عو،ام کی محرومیوں، محکومیوں، آئین کی معطلی، عدالتوں کو مفلوج کرنے، میڈیا پر قدغنوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ جلسہ انتہائی اہمیت کا حامل اس لیے ہے کہ ملک کے تمام حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین کے سربراہ، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہونیوالے اس عظیم الشان جلسہ عام میں خطے میں بین الاقوامی قوتوں کے شکنجوں اور پنجہ آزمائی کی صورتحال، یہاں کے عوام واقوام پر پڑنے والی اثرات سے نمٹنے، جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے، عالمی سازشوں سے بچانے کا راستہ دکھانے، اپنے قدرتی وسائل کو لوٹنے سے بچانے کے لیے ان کی تقریر انتہائی اہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کے ساتھ بدترین مذاق کیا گیا ہے اور موجودہ حکومت نے جو ترامیم کی ہیں یہ نہ صرف متنازعہ بلکہ غیر آئینی، غیر جمہوری ہیں۔ آئین پر اس حملے کا قبل ازوقت کا خدشہ پارٹی رہبر نے بروقت کیا اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے ایک جمہوری جدوجہد کی بنیاد رکھی جو کہ ملک کا پہلا سیاسی اتحاد ہے جو کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ سیاسی جمہوری قوتوں کی اپنی مرضی ومنشاء پر صرف اس لیے بنائی گئی ہے کہ ملک کے متفقہ آئین کو تحفظ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کرورڑوں جمہوری عوام کے حقیقی ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ کی خودمختاری ہو، جمہور کی حکمرانی ہو، منتخب پارلیمنٹ سے داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل ہو، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن قائم ہو، اقوام کی زمینوں پر ان کے وسائل پر ان کا واک واختیار تسلیم کرنے، فوج وانٹیلی جنس اداروں کی سیاست میں مداخلت کا خاتمہ اور ہر ادارے کا آئینی فریم میں رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دینے سے ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتاہے اور اس کے لیے جدوجہد جاری رہیگی۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے جس نہال کو لگایا تھا وہ اب تناور درخت بن گیا ہے اور اس درخت کی حفاظت پشتونخواملی عوامی پارٹی اور تمام پشتون غیور ملت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام غیور، وطن دوست، قوم دوست، جمہوریت پسند عوام اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 2دسمبر کو خان شہید کی برسی کے جلسہ عام منعقدہ ایوب سٹیڈیم فٹبال گراؤنڈ میں بھرپور انداز میں شرکت کرے۔
خان شہید کی برسی ایسے حالات میں منائی جارہی ہے کہ ملکی بدترین بحرانوں کا شکارہے، نواب ایاز جوگیزئی

ٹیگز:
نواب ایاز جوگیزئی
