کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں ریلوے کا نظام بدترین زبوں حالی کا شکار ہو گیا ہے۔ بیس سال قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے سات ٹرینیں ملک کے مختلف حصوں کے لیے روانہ ہوا کرتی تھیں، مگر اب صورتحال یہ ہے کہ صرف ایک ٹرین جعفر ایکسپریس روزانہ چلائی جا رہی ہے، جبکہ باقی تمام سروسز بند پڑی ہیں۔دو دہائیاں قبل کوئٹہ سے اندرونِ ملک کے لیے چلتن، اباسین، مہران، کوئٹہ ایکسپریس، نان اسٹاپ، بولان میل اور جعفر ایکسپریس جیسی ٹرینیں چلتی تھیں، لیکن انتظامی نااہلی اور وسائل کی کمی کے باعث بیشتر ٹرینیں بند کر دی گئیں۔مسافروں کے مطابق پہلے صبح سے رات تک ٹرینیں روانہ ہوتی تھیں جس سے عوام کو کم خرچ اور محفوظ سفری سہولت میسر تھی، مگر اب ایک ٹرین کے باعث مریضوں، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے تفتان اور سبی سے ہرنائی ٹرین سروسز طویل عرصے سے معطل ہیں، جبکہ چمن جانے والی ٹرین بھی اکثر منسوخ کر دی جاتی ہے۔عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں ریلوے نظام کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ یاد رہے کہ بولان میل، جو چند ماہ سے ہفتے میں صرف دو دن چل رہی تھی، گزشتہ ایک ماہ سے مکمل طور پر بند ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر مسافروں کی ڈیمانڈ بڑھی تو جعفر ایکسپریس اور بولان میل میں اضافی کوچز لگانے پر غور کیا جائے گا، تاہم فی الحال بلوچستان کے عوام صرف وعدوں پر گزارہ کر رہے ہیں۔
بلوچستان میں ریلوے کا نظام تباہ حالی کا شکار، 7 میں سے صرف 1 ٹرین رہ گئی

ٹیگز:
بلوچستان
