کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صوبائی پریس ریلیز میں محکمہ ایکسائز کے دفتر میں کرپشن اور شہریوں کو اذیت پہنچانے والے ناروا اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بین الصوبائی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے جبکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک پولیس، ایکسائز اور دیگر سرکاری عملہ مختلف بہانوں اور حیلوں سے شہریوں کو اذیت دے رہا ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ فارم 47 کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری خزانے سے لاکھوں اور کروڑوں روپے کے اشتہارات دیے جاتے ہیں، لیکن شہری جب ایکسائز دفتر اپنی فائل کے لیے جاتے ہیں تو ٹال مٹول کی جاتی ہے۔ سرکاری چالان فیس 500 روپے ہونے کے باوجود دفتر کے کلرک اور دیگر سٹاف 12 ہزار روپے وصول کرتے ہیں اور فائل کی جانچ کے بعد مزید 10 ہزار روپے طلب کیے جاتے ہیں۔ باوجود ہزاروں روپے لینے کے، کئی مہینوں تک فائل فراہم نہیں کی جاتی اور شہری بار بار دفتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔پارٹی نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹلائزیشن کے دعوے کر رہی ہے، لیکن ایکسائز دفتر میں جاری کرپشن، رشوت اور فائل کی ادائیگی میں تاخیر نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکمہ کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بدعنوانی، رشوت خوری اور شہریوں کو تنگ کرنے کے واقعات کا نوٹس لیں اور متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی ایکسائز دفتر میں کرپشن اور شہریوں کو اذیت دینے کے اقدامات کی شدید مذمت

ٹیگز:
پشتونخوا
