ڈیرہ بگٹی(ڈیلی گرین گوادر)ضلع ڈیرہ بگٹی کے تحصیل سوئی کے علاقے یارو پٹ میں یکے بعد دیگرے تین بارودی سرنگ دھماکوں کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ ایک دھماکے کی زد میں آ کر سات بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے دھماکوں نے علاقے کو لرزا دیا۔ پہلے دو دھماکوں میں ایک خاتون سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ دو خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ تیسرے دھماکے کی زد میں آکر سات مویشی ہلاک ہوئے۔اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد زوہیب کی ہدایت پر لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر پی پی ایل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے پنجاب اور سندھ کے مختلف ہسپتالوں میں ریفر کردیا گیا۔علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بارودی سرنگوں کی موجودگی کے باعث مقامی آبادی سخت عدم تحفظ کا شکار ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔
ڈیرہ بگٹی ` یکے بعد دیگرے تین بارودی سرنگ دھماکے، خاتون سمیت تین افراد جاں بحق

ٹیگز:
ڈیرہ بگٹی
