نوشکی(ڈیلی گرین گوادر) سیکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان:نارتھ: نے 19 تا 21 جولائی 2025 کے دوران نوشکی کے نواحی علاقے پہرود میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مکمل کرلیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندستان گروہ سے تھا، جو قومی شاہراہ این-40 پر بلاک لگانے، لیویز تھانے کردگاپ پر حملہ، شاہراہوں پر مسافروں سے لوٹ مار اور نہتے شہریوں کی جان لینے جیسے جرائم میں ملوث تھے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو مثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور بھاری مقدار میں مقامی و غیر ملکی اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن کی تکمیل کے بعد علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر بھارتی سرپرستی میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قوم کے تعاون سے بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔
نوشکی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ،10دہشت گرد ہلاک ،ترجمان سیکیورٹی فورسز

