اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان میں کاروبار کے ماحول کو سازگار بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل یعنی ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے حکومت نے کاروباری اصلاحات کے ایک اہم پیکج کی منظوری دے دی ہے۔اس اہم پیش رفت میں 136 تجاویز میں سے 104 کومنظورکرلیا گیا ہے جبکہ 19 غیر ضروری ضوابط ختم کر دیے گئے ہیں۔یہ فیصلہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو ریلیف فراہم کرنے اور پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ اورکابینہ کمیٹی برائے ریگولیٹری اصلاحات کی مشترکہ ہدایت پر تمام متعلقہ وزارتوں کو 90 دن کے اندر اصلاحات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہےان اصلاحات کے تحت کاروبار سے متعلق رجسٹریشن، لائسنسنگ، ٹیکس اور مالیاتی نظام کو سادہ، شفاف، جدید اور ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری ہے، جس سے کاروباری لاگت میں کمی اور منظوری کے مراحل میں تیزی آئے گی۔بورڈ آف انویسٹمنٹ ان اصلاحات پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا تاکہ تمام ادارے مقررہ وقت میں اہداف حاصل کر سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف مقامی کاروباری طبقے کو فائدہ پہنچے گا بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ایس آئی ایف سی کی سربراہی میں جاری یہ اصلاحات پاکستان کو عالمی سطح پرکاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے کے اشاریوں میں بہتر مقام دلانے میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی کے نئے در وا کریں گی۔
کاروبار میں آسانی کیلئے 19 غیر ضروری ضوابط ختم کر دیے گئے

ٹیگز:
کاروبار
