کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر تجارت جام محمد کمال خان عالیانی نے شریش پٹ بیلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی افراد سے ملاقات کے دوران عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ملاقات کے دوران علاقہ مکینوں نے پانی، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر جام کمال خان نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلا کے پی اے نواب زادہ میر زرین خان مگسی ایک مخلص اور عوام کے حقیقی خیر خواہ لیڈر ہیں جو لس دھرتی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔جام محمد کمال خان نے کہا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر ممکن حد تک علاقے کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔علاقہ مکینوں نے ان کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جام محمد کمال خان جیسے رہنما کی موجودگی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک شگون ثابت ہوگی۔
لس دھرتی کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں، جام کمال خان

