کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ نوشکی میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر حملہ ایک قومی فریضے پر حملے کے مترادف ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بزدلانہ، انسانیت سوز اور ناقابلِ معافی جرم ہے جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور معصوم بچوں کے محفوظ مستقبل کو خطرے میں ڈالنا ہے صوبائی وزیر صحت نے شہید پولیس اہلکار وحید احمد ولد محمد ہاشم قوم مینگل ساکن جمال آباد کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کا اصل ہیرو ہے، جس نے ایک قومی فریضے کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی۔ حکومت شہید اہلکار کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی بخت محمد کاکڑ نے واضح الفاظ میں کہا کہ پولیو مہم کو روکنے کی ہر کوشش ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، جس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو آہنی ہاتھوں سے کچلے گی اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے جس کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہمات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ انسانی خدمت کا یہ مشن کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھا جا سکے
پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر حملہ ایک قومی فریضے پر حملے کے مترادف ہے، بخت محمد کاکڑ

ٹیگز:
بخت محمد کاکڑ
