کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کے زیر صدارت ڈی سی آفس کوئٹہ میں ایک اہم تعا رفی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس، رجسٹرار اور ڈی سی آفس کی تمام برانچوں کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔تعافی اجلاس کا مقصد ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اہداف کا تعین کرنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام افسران و ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں عوامی خدمت کے لیے وقف کریں۔انہوں نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام برانچوں میں عوامی مسائل کو ایمرجنسی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی اور انصاف پر مبنی رویہ اپنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سختی سے تاکید کی کہ کسی بھی سرکاری ملازم کے خلاف شکایت برداشت نہیں کی جائے گی اگر کسی ملازم کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور وہ ٹیم کا حصہ نہیں رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا، “یہ دفتر عوام کی خدمت کے لیے ہے، اور کوئٹہ ہمارا گھر ہے۔ اس گھر اور اس کے باسیوں کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے، جسے ہم بغیر کسی تفریق کے سرانجام دیں گے۔”اجلاس کے اختتام پر تمام افسران اور عملے نے ضلعی انتظامیہ کے ویژن اور مشن کے مطابق اپنی بھرپور محنت، دیانت داری اور لگن سے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کوئٹہ ہمارا گھر ہے، گھر اور اس کے باسیوں کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے،کیپٹن(ر) مہراللہ بادینی

ٹیگز:
کیپٹن(ر) مہراللہ بادینی
