کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) اسپیکر بلوچستان اسمبلی، کیپٹن (ر) عبد الخالق خان اچکزئی کی رولنگ پر ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان کو اسمبلی میں طلب کیا گیا۔ ڈی جی نادرا نے اسپیکر چیمبر میں پیش ہو کر اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو سنا، جن میں بلوچستان کے ہزاروں شہریوں کے قومی شناختی کارڈز کی بلاکنگ کا معاملہ شامل تھا۔گزشتہ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے شکایت کی تھی کہ شہریوں کے شناختی کارڈز بغیر کسی واضح وجہ کے محض افغان ہونے کے شبہے پر کئی کئی سال سے بلاک ہیں، جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے ان خدشات پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے ڈی جی نادرا کو سختی سے ہدایت کی کہ یہ معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے اور متاثرہ شہریوں کو شناختی دستاویزات کی فراہمی میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے۔اس موقع پر اسپیکر نے ضلع چمن کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں شناختی کارڈز کی بلاکنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور مقامی آبادی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ اسپیکر نے ڈی جی نادرا کو تاکید کی کہ چمن سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں شناختی کارڈز کی بلاکنگ کے مسئلے کو فوری اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی ہدایت پر ڈی جی نادرا بلوچستان اسمبلی میں طلب،شناختی کارڈز کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت

ٹیگز:
اسپیکر بلوچستان اسمبلی
