سپریم کورٹ سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے،اسد قیصر

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ 29 سال گزارے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کی کوئی حقیقت نہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصرنے کہا کہ سپریم کورٹ سائفر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنائے، ایک امریکی ڈپلومیٹ نے حکومت پاکستان کو ڈکٹیٹ کیا،سائفر کو بنیاد بنا کر بانی پی ٹی پر مقدمات بنائے گئے، پہلے سائفر کو جھوٹا کہا گیا پھر اس اس پربانی پی ٹی آئی کو سزائیں دی گئیں، ڈرانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں خوف کا وقت گزر چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ 29 سال گزارے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔اسد قیصر نے اسمبلی میں انکشاف کیا کہ مجھ پر نئی پارٹی بنانے کے لئے دبائہ ڈالا جاتاتھا، میں نے کہا مر جائوں گا بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، ان انتخابات پر تحفظات رکھنے والی سب جماعتوں کو آئین کی بالادستی کے لئے اکٹھا کریں گے، ہم سب کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بالادستی کے لئے اکٹھا کریں گے، اسلام آباد اور کراچی والوں کو پتہ ہے کہ کون جیتا تھا اور کون ہارا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سائفر پر ہماری پارٹی کا کلیئر موقف ہے کہ اس پر جوڈیشل کمیشن بنانا چاہئے،میں پوچھنا چاہتا ہوں کیا شہباز شریف اور انکی پارٹی کے لوگ نہیں کہتے تھے کہ یہ جھوٹ ہے کوئی سائفر نہیں ہے ،کیا اسی سائفر کو بنیاد بنا کر بانی پی ٹی آئی کو سزائیں نہیں سنائی گئیں؟؟بارہ بارہ چودہ چودہ گھنٹے سماعتیں نہیں ہوئیں؟۔انہوںنے کہا کہ میں محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں اور واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ڈرائو اور حکومت کرو کا وقت گزر چکا ہے ،

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ نہ ہمارا لیڈر جھکا ہے نہ ہم جھکیں گے ،ہمارا صرف مطالبہ ہے کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی ہو ،کیا بلاول کو نہیں پتہ جو کچھ ہوا پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا ،پنجاب کی نگران حکومت سولہ مہینے چلی، کیا اس کے کئے گئے فیصلے قانونی ہوں گے؟ایک ایک چیز کا حساب لیا جائے گا۔اسد قیصر نے کہا کہ یہ جو کہتے ہیں آئیں بیٹھیں ، میں مطالبہ کرتا ہوں ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے ،پی ڈی ایم کی سولہ مہینے کی حکومت میں کے پی میں ظلم کی انتہا کی گئی،وزیر ستان ، باجوڑ اور دیگر علاقوں میں دیکھیں کیا مظالم ڈھائے گئے،اس علاقے کی روایات کو رونداگیا ،کیا فاٹا اور لاہور کے حقوق برابر ہیں؟کیا فاٹا میں سکول کالج انڈسٹری بحال ہے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم بیٹھ کر بات کریں، تو بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی، پرویز الٰہی اور بشریٰ بی بی کے کیسز واپس کئے جائیں، یہ غلط فہمی دور ہونی چاہیے کہ ہم کسی دبائو سے اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کی کوئی حقیقت نہیں، اگر بانی پی ٹی آئی دہشت گرد ہے تو ہم سب دہشت گرد ہیں، پیمرا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، پیمرا سے بانی پی ٹی آئی پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے