کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بھارت نے شاہ پور ڈیم تعمیر کرکے پاکستان آنے والا پانی روک لیا ہے شاہ پور ڈیم سے بھارت اپنی 32 ہزار ہیکٹر اراضی سیراب کرے گا یہ ڈیم بھارت نے پاکستان کی زمینوں کو بنجر کرنے کے لئے پنجاب اور مقبوضہ کشمیر کی سرحد پر تعمیر کیا ہے شاہ پور کنڈی بیراج کی تعمیر سے دریائے راوی مکمل طور پر خشک ہو جائے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہاکہ اس ڈیم کی تعمیر سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے کو 1150 کیوسک پانی فراہم کیا جائے گا یہ پانی پاکستان کے ئے مختص کیا گیا تھا بھارت اس پانی کو کتھوا اور سامبا اضلاع کی 32 ہزار ہیکٹر اراضی سیراب کرے گا اس ڈیم کی تعمیر سے بھارتی سرزمین شاداب جبکہ پاکستان کے علاقے مزید بنجر ہو جائیں گے بھارت اور پاکستان میں 1960 میں سندھ طاس معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے دریائے سندھ، جہلم اور چناب پر پاکستان کا کنٹرول ہے جبکہ دریائے راوی، ستلج اور بیاس پر بھارت کا مکمل کنٹرول ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیم کی تعمیر سے پرانے لکھن پور ڈیم سے پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو مقبوضہ کشمیر اور بھارتی پنجاب کی زمینوں کو سیراب کیا جائے گا شاہ پور ڈیم کا سنگ بنیاد 1995 میں اس وقت کے وزیر اعظم نرسیہما راؤ نے رکھا تھا یہ ڈیم شروع ہی سے مختلف نوعیت کے تنازعات کا شکار رہا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر اور پنجاب کی حکومتوں کا تنازعہ بھی شامل ہے انہی تنازعات کی وجہ سے اس ڈیم کی تعمیر پر ساڑھے چار سال کام نہ ہو سکا بھارت پہلے ہی دریائے ستلج پر بھاکڑا ڈیم، بیاس پر پونگ اور پنڈاوا ڈیم اور دریائے راوی پر تھین رنجیت ساگر ڈیم تعمیر کر چکا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ بیاس ستلج لنک اور اندرا گاندھی نہر پراجیکٹ جیسے منصوبوں کے ساتھ ان منصوبوں سے بھارت مشرقی دریاؤں کا مکمل پانی استعمال کر رہا ہے دریائے راوی کا 2 ملین ایکڑ فٹ پانی مادھو پور سے پاکستان آ رہا تھا جو ختم ہو جائے گا دریائے راوی خشک ہونے کی وجہ سے پاکستان کی 20 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی بنجر ہو جائے گی اور اس طرح آبی حیات بھی معدوم ہو جائے گی پاکستان کی لاکھوں ایکڑ اراضی کے بنجر و بیابان ہونے سے لاکھوں کسان اناج اگانے کے قابل نہیں رہیں گے اور یوں پاکستان میں زرعی اجناس کی پیداوار میں خوفناک حد تک کمی واقع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے پاکستان پہلے ہی اجناس کی قلت کا سامنا کر رہا ہے ایسے میں بھارت کا پانی پر ڈاکہ پاکستان کے لئے نئی مشکلات پیدا کر دے گا۔
دریائے راوی خشک ہونے سے 20 لاکھ ایکڑ اراضی بنجر اور آبی حیات معدوم ہو جائے گی، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
