کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے تربت میں پارٹی کے امیدوار وسابق صوبائی وزیر میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ تربت میں نامعلوم افراد نے پارٹی کے رہنما و صوبائی اسمبلی کے امیدوار میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم سے حملہ کیا جس کے نیتجے میں انکے بھائی زخمی ہوگئے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اورانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سیکورٹی نگران حکومت،پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر میراصغر رند کی رہائش گاہ پردستی بم حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سیکورٹی یقینی بنانے اورآئندہ اس قسم کے واقعات کے واقعات کی روک تھام کے احکامات جاری کرے۔
تربت میں پارٹی کے امیدوار کی رہائش گاہ پردستی بم حملہ قابل مذمت ہے،میرچنگیز خان جمالی

ٹیگز:
میرچنگیز خان جمالی
