ڈیرہ اللہ یار(ڈیلی گرین گو ادر)سابق وزیر داخلہ و محکمہ ریونیو میر سلیم احمد کھوسہ نے پاکستان پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کر لیں، سلیم احمد کھوسہ نے صوبائی صدر پیپلزپارٹی چنگیز خان جمالی سے اختلافات کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی، میر سلیم احمد کھوسہ نے ایک سال قبل سابق وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے اختلافات کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی سے مستعفی ہو کر اپنے دیگر اراکین صوبائی اسمبلی کے ہمراہ بلاول ہاوس کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، چند روز قبل میر سلیم احمد کھوسہ نے ایک ویڈیو پیغام میں پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر چنگیز خان جمالی پر پارٹی میں گروپ بندی کرنے سمیت نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا تھا، اور کہا تھا کہ وہ جلد اپنے حلقے کے قبائلی عمائدین، قریبی رفقا اور سیاسی احباب سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرینگے، انہوں نے ویڈیو پیغام میں پارٹی سے علیحدگی کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم انہوں اب پارٹی سے مکمل طور پر علیحدگی کی تصدیق کر دی اور کہا کہ اب کسی اور پارٹی میں شمولیت کے لیے بھی قریبی رفقا سے صلاح و مشورے کے بعد فیصلہ کرینگے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سلیم احمد کھوسہ سابق وزیر اعلی جام کمال خان عالیانی کے ہمراہ کوئٹہ میں ن لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کے متوقع دورے کے موقع پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرینگے۔
میر سلیم احمد کھوسہ نے پاکستان پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کر لیں

ٹیگز:
میر سلیم احمد کھوسہ
