کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اگرانہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں، نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیاں اور سپورٹس کی طرف راغب کرکے منشیات اوردیگر سماجی برائیوں سے دوررکھا جاسکتا ہے،کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کو ہرشعبے میں آگے لانے پر یقین رکھتی ہے انشاء اللہ برسراقتدارآکر نوجوانوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،سابق وفاقی وزیر سردار عمر خان گورگیج، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری قاسم خان اچکزئی، صوبائی رہنما انجینئرہادی عسکری،سٹرکٹ کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی،سید داؤد آغا،ملک عیسیٰ خان ہزارہ، عہدیہ بتول، ماہ جبین جمالی، ثناء درانی، ساجدہ بنگلزئی اوردیگر نے پاکستان پیپلزپارٹی ہزارہ ٹاون کے ذیراہتمام ہزارہ ٹاون کے انٹرنیشنل اورنیشنل کھلاڑیوں اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو جب بھی برسراقتدار آئی اس نے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اورانہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نگران صوبائی وزیر کھیل نوابزادہ جمال خان رئیسانی سے کہوں گا کہ ہزارہ نوجوان کھلاڑیوں کی سپورٹس میں بھر پورامداد کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی طرف راغب کرکے ہی منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دوررکھا جاسکتا ہے ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے نہ صرف نیشنل بلکہ انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کرکے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے پارٹی کے شہید چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو،سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک نوجوان ہیں وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کارلاکرملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں انشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آکر نوجوانوں کو روزگار سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔اس سے قبل میرچنگیز خان جمالی،سردارعمر گورگیج،قاسم اچکزئی،انجینئر ہادی عسکری،میرنصیب اللہ شاہوانی،ملک عیسیٰ خان ہزارہ اوردیگر نے ہزارہ ٹاون سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں اور دیگر شعبوں میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرنے والوں میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایوارڈ تقسیم کئے۔
بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے،میر چنگیز خان جمالی

ٹیگز:
میر چنگیز خان جمالی
