کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان حکومت کے سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے محکمہ اطلاعات میں ایڈورٹائزنگ کا بجٹ چھ سے سات ارب ہے جبکہ بلوچستان کا بجٹ صرف اکیس کروڑ روپے ہے۔ کوئٹہ میں ”آزادی اظہارِ رائے اور الیکشن رپورٹنگ“ کے عنوان سے ویمن میڈیا سینٹر کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بلوچستان حکومت کے سیکریٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اہم اور مثبت کام ہورہے ہیں لیکن حکومت کے پاس مالی وسائل کی کمی سے ان کو میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر اجاگر نہیں کیا جاسکتا۔ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کا اہم تعلق ہے۔حکومت بلوچستان نے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر کام شروع کردیا ہے اپنا یو ٹیوب چینل بھی شروع کررہے ہیں۔بلوچستان میں مسائل کا ایجنڈے پر نہ ہونا بھی حکومت کی عدم توجہی بنتا ہے۔سوشل میڈیا اس میں مثبت اور اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔دنیا میں اصل دوڑ ہی انفارمیشن کی ہے۔ قانون کے دائرے میں آزادی اظہار رائے ضروری ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد کی گئی اس ورکشاپ میں شہر کی بڑی جامعات کی طالبات نے حصہ لیا۔ اس تربیتی نشست کا مقصد خواتین صحافیوں اور میڈیا کے شعبے سے وابستہ طالبات کی تربیت اور عملی مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ پروگرام 14 جنوری 2023 تک جاری رہے گا۔
حکومت بلوچستان نے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر کام شروع کردیا ہے،سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات

ٹیگز:
سیکرٹری اطلاعات
