کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کی نائب صدر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک اسلام کے مضبوط اور اہم قلعے تصور کئے جاتے ہیں اور دونوں برادر ممالک کی حکومتیں اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط دوستانہ اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا متوقع دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان رواں ماہ متوقع ہے۔ہم سعودی ولی عہدکے متوقع دورہ پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جڑے رشتوں کو اور بھی مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی اور ایم بی ایس کے دورے کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی اور دورہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان ا س وقت معاشی و سیاسی مسائل سے دوچار ہے ایسے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے کی توقع ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے پاکستان کو معاشی و دیگر مسائل پر قابو پانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع ہے اور ہم سعودی عرب کے پاکستان کو اقتصادی طور پر اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کرنے اور مضبوط کرنے کے ان اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی آرماکو ARMACO کا مقصد 2030 سے پہلے پائپ لائنوں اور ایل این جی ٹینکرز کے ذریعے یومیہ 3 بلین کیوبک فٹ گیس برآمد کرنا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ قطر کے ایل این جی معاہدے کے ساتھ ساتھ یہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ یہ معاہدہ سابق وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب کے ساتھ سرد پالیسی کی وجہ سے التواء کا شکارتھااور سعودی عرب سابق حکومت کے رویے کی وجہ سے اس معاہدے سے گریزاں تھالیکن اب نئی حکومت کے آنے سے اس منصوبے کو حتمی شکل دی جانے کی قوی امید ہے۔ اس معاہدے سے پاکستان کی توانائی کے شعبے میں مشکلات پر کافی حد تک قابو پایا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ دورے کے دوران متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو بھی آخری شکل دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم کے شعبہ میں آئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع ہے جبکہ سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں پاکستان کی مدد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط کرنے اور گوادر پورٹ کو مزید فعال بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا اور گوادر میں 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید آئل ریفائنری کے قیام میں سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر مدد کرے گاجبکہ چینی کمپنیاں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر ریفائنری کو چلائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سیاسی پارٹی کی جانب سے جاری احتجاجی مہم اس دورے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی قائدین سے اپیل کی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اہم متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر ملک میں کسی قسم کی مہم جوئی سے غریض کیا جائے تاکہ سعودی عرب سمیت تمام دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج جائے۔ سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کسی قسم کی مزید خرابی سعودی ولی عہد کے دورے میں رکاوٹ کا سبب بن سکتی ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ سعودی ولی عہد کے اس اہم دورے میں پاکستان میں اقتصادی اور معاشی حوالے سے بہت سے منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب اورپاکستان کے مشترکہ مفادات کی حمایت کی ہے اور اوپیک میں امریکہ مخالف سعودی حکمت عملی پر پاکستان کی حمایت سے سعودی عرب اور پاکستان میں برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے اور انشاء اللہ یہ تعلقات آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جائیں گے۔
سعودی ولی عہدکا متوقع دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
