اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں جاوید لطیف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف سے سوال کیا کہ وہ اداروں کے خلاف گفتگو کے باوجود چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو گرفتار نہ کرنے اور سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو انصاف فراہم کرنے کے لیے کچھ نہ کرنے کی وجہ سے قوم کو آگاہ کریں۔
شہباز شریف کی کابینہ میں تاحال کسی قلمدان سے محروم وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے ماڈل ٹاؤن میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کو گرفتار کرنے اور لندن میں نومبر 2019 سے بظاہر خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے معزول وزیر اعظم نواز شریف کو وطن واپس لانے میں حکومت کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں وزیر اعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور عمران خان کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں کیوں نہیں لے رہے؟ نواز شریف کو انصاف نہیں مل رہا اور عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جا رہا، کیا وزیر اعظم عوام کو اس کی وجہ بتائیں گے، عوام وزیراعظم کی جانب سے اقدام کے منتظر ہیں’۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘میں وزیر اعظم شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ انصاف کے لیے عوام کے سڑکوں پر نکل آنے سے پہلے ان کی آواز سن لیں، اگر وہ نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کو انصاف دلانے میں ناکام رہے تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے’۔

