راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر)آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، کلیئرنس آپریشن شروع کے دوران دہشت گردوں نے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ اسی دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد خاران اور گردونواح میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی نصب کرنے کے علاوہ دیگر واقعات میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشتگرد یہ اسلحہ اورگولہ بارود امن و امان میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

