لاہور+اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور صدر ویمن اینڈ فیملی کمیشن ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی مرکزی ذمہ داران ثمینہ سعید ،عطیہ نثار ، عفت سجاد ، عائشہ سید ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، سعدیہ حمنہ ، اور فریحہ مبارک نے ملک بھر کی عدالتوں میں ون ونڈو فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خواتین کو انصاف کی فراہمی، قانونی رہنمائی اور حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم اور تحسین پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں کیا جانے والا یہ فیصلہ بالخصوص ان خواتین کے لیے امید کی کرن ہے جو قانونی پیچیدگیوں، معاشرتی دباؤ، مالی مشکلات اور ادارہ جاتی مسائل کے باعث اپنے حقوق کے حصول کے لیے عدالتوں تک پہنچنے میں دشواری محسوس کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایک ہی چھت تلے قانونی مشاورت، رہنمائی اور معاونت کی فراہمی سے نہ صرف انصاف کے حصول کا عمل آسان ہوگا بلکہ خواتین کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔ یہ اقدام خواتین کے وقار، تحفظ اور آئینی و قانونی حقوق کی پاسداری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ ان مراکز کو محض انتظامی سہولت تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ وہاں تربیت یافتہ خواتین عملے، مستند قانونی مشیروں، نفسیاتی و سماجی رہنمائی، رازداری اور ضرورت مند خواتین کے لیے مفت قانونی معاونت کا مؤثر انتظام بھی یقینی بنایا جائے۔ بالخصوص تشدد، ہراسانی، گھریلو تنازعات، وراثت اور دیگر قانونی مسائل سے دوچار خواتین کے لیے یہ مراکز حقیقی معنوں میں داد رسی کا ذریعہ بننے چاہئیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے پر ملک بھر میں بلا تاخیر مؤثر عمل درآمد کیا جائے گا اور اس کی نگرانی و کارکردگی کا باقاعدہ نظام بھی قائم ہوگا۔
ہم سمجھتے ہیں کہ انصاف صرف عدالتوں کے دروازے کھولنے کا نام نہیں بلکہ ہر شہری، خصوصاً ہر عورت کے لیے انصاف تک باوقار، محفوظ اور آسان رسائی یقینی بنانے کا نام ہے۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ویمن اینڈ فیملی کمیشن اس اہم اقدام کو سراہتے ہیں اور خواتین کے حقوق، تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

