لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی بحران، مہنگائی اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے حکمرانوں کو محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پیٹرولیم لیوی کے ظالمانہ بوجھ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ جماعت اسلامی کی جاری عوامی جدوجہد کا مقصد عوام کو اس معاشی استحصال سے نجات دلانا ہے۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب کے رپورٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع کی ناظمات نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری تحریک عوام کے بنیادی حقوق اور معاشی انصاف کی جدوجہد ہے۔ مہنگائی کے اسباب سے عوام کو آگاہ کرنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں عوامی مطالبات کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی سمیت ظالمانہ ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ جماعت اسلامی کی خواتین عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ گھر گھر جا کر عوام کو مہنگائی کی اصل وجوہات سے آگاہ کریں اور انہیں اپنے حقوق کے لیے منظم جدوجہد کا حصہ بنائیں۔ حلقہ خواتین کی ذمہ داران اپنی تنظیمی صلاحیتوں کو عوامی خدمت اور دعوتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بروئے کار لائیں۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی، بے گھر ہونے اور بنیادی ضروریات سے محرومی پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، مستقل جنگ بندی اور فلسطینیوں تک امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی حکومت بھی فلسطینی عوام کے حق میں اپنا سفارتی کردار مزید فعال کرے۔
انہوں نے اضلاع کی سہ ماہی رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تنظیمی کارکردگی کا جائزہ صرف اعداد و شمار تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس بات کو بھی پیش نظر رکھا جائے کہ جماعت اسلامی کا پیغام کتنے لوگوں تک پہنچا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا عملی پیش رفت ہوئی۔ ہر ضلع اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور دعوتی و تربیتی سرگرمیوں میں تسلسل پیدا کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کرے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ملک میں اسلامی نظام کے قیام، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

