قلعہ سیف اللہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے جے ٹی آئی کے زیرِ اہتمام منعقدہ ڈاکٹر سرفراز خان شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سورج پر تھوکنے والوں کے چہرے خود آلودہ ہوں گے،قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی مہم جلد دم توڑ جائے گی۔انہوں نے کہا جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں نے دین اسلام، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے پْرامن جدوجہد کی راہ میں قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے جس کی تاریخ استقامت، قربانیوں اور اصولی سیاست سے عبارت ہے، اس کے کارکنوں نے ہر مشکل دور میں ثابت قدم رہتے ہوئے جماعت کے نظریے اور قیادت کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی بصیرت، دینی خدمات اور اصولی مؤقف کو منفی پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے متنازع بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور حقائق کو جھوٹ کے پردوں میں چھپانے والے بالآخر عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد جمعیت کے خلاف منفی مہم چلانے والے عناصر اپنی سیاسی ساکھ بچانے اور ذاتی مفادات کے حصول کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں، حتیٰ کہ اس مہم کو بنیاد بنا کر لوگوں کی نوکریاں پکی کروانے کا سلسلہ بھی زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکے گا اور بہت جلد دم توڑ جائے گا، کیونکہ عوام باشعور ہیں اور وہ پروپیگنڈے، کردارکشی اور اصولی سیاسی مؤقف کے درمیان فرق بخوبی سمجھتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے اکابرین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پْرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی دباؤ یا منفی مہم سے مرعوب نہیں ہوگی۔ انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص جمعیت طلبہ اسلام کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ شہداء کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے علم، کردار، نظم و ضبط، اتحاد اور پْرامن جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں، مخالفانہ پروپیگنڈے کا جواب دلیل، اخلاق اور عملی کردار سے دیں اور جماعت کے نظریاتی پیغام کو عوام تک پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
مولانا فضل الرحمن کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی مہم جلد دم توڑ جائے گی، مولانا عبدالواسع

