چمن(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان باکسنگ ایسوسی ایشن کے پریس سیکرٹری محمد زاہد ترین کے مطابق، ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے، چمن باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور بلوچستان باکسنگ ایسوسی ایشن کی زیرِ نگرانی بلوچستان نارتھ، سندھ و بلوچستان باکسنگ چیمپئن شپ 2026ء مورخہ 28، 29 اور 30 اکتوبر کو ہائیر سیکنڈری اسکول چمن میں منعقد ہوگی۔
چیمپئن شپ میں سندھ، کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ اور چمن کی باکسنگ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس کھیلوں کے ایونٹ کا مقصد نوجوان باکسرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا، صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بلوچستان میں باکسنگ کے کھیل کو مزید ترقی دینا ہے۔چیمپئن شپ میں اسکول بوائز، جونیئر بوائز، یوتھ بوائز اور ایلیٹ مینز کی مختلف وزن کی کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں 22 کلوگرام سے لے کر 80 کلوگرام تک کے وزن کی کیٹیگریز شامل ہیں۔
منتظمین کی جانب سے تمام متعلقہ باکسنگ کلبوں، ٹیموں اور کھلاڑیوں کو چیمپئن شپ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس ایونٹ کو نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے مثبت ماحول کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔چیمپئن شپ کے انتظامات چمن باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک صاحب کی سربراہی میں کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے بلوچستان باکسنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ریفری و جج کمیشن بشیر احمد اچکزئی صاحب سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
مقام: ہائیر سیکنڈری اسکول، چمن
تاریخ: 28، 29 اور 30 اکتوبر 2026ء


