زیارت (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینیئر سیکرٹری سید قادر آغا اور صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاکڑ کی قیادت میں پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے ضلع زیارت کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے سانحۂ زیارت میں شہید ہونے والے جوانوں کی تدفین کے مختلف مراحل میں شرکت کی، شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو قوم اور وطن کے امن و استحکام کے لیے ناقابلِ فراموش قرار دیا۔دورے کے دوران وفد نے مختلف دیہات اور علاقوں میں جاکر شہداء کے سوگوار خاندانوں سے ملاقاتیں کیں، ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وفد نے کچ میں شہید کانسٹیبل خیر اللہ پانیزی ، وام میں شہید کانسٹیبل محمد آصف گوگئی، کان میں شہید کانسٹیبل حسرت اللہ، ڈیپو میں شہید کانسٹیبل مصطفیٰ خان، احمدون میں شہید کانسٹیبل اظہار احمد، کواسِ غربی میں شہید محمد عثمان ترین اور فرید اللہ، جبکہ چینہ میں شہید کانسٹیبل محمد صادق پانیزی کے گھروں پر حاضری دی، لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔اس موقع پر وفد نے کہا کہ سانحۂ زیارت نے پوری پشتون قوم اور صوبے کے عوام کو شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔ نہتے اور محدود وسائل کے حامل اہلکاروں کی جانوں کا ضیاع ایک قومی المیہ ہے، جس کے تمام ذمہ داروں کا تعین اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ وفد نے اس امر پر زور دیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا اور ان کے اہل خانہ کو انصاف، تحفظ اور ہر ممکن سرکاری معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی شہدائے زیارت کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ پارٹی ہر فورم پر اس سانحے کی غیرجانبدار، شفاف اور بااختیار تحقیقات، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر وفد میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی علی محمد ترین، احمد خان لونی، رحمت اللہ صابر، سلیمان بازی، غنی فدائی اور پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن محمد رسول بھی شامل تھے، جنہوں نے شہداء کے لواحقین سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے غم میں شرکت کی اور پارٹی قیادت کی جانب سے مکمل یکجہتی اور تعاون کا یقین دلایا۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نمائندہ وفد کی ضلع زیارت میں شہدائے زیارت کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
