کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس بات پر افسوس کیا کہ صوبے کا سب سے بڑا مقابلہ جاتی امتحانی ادارہ ہونے کے باوجود بلوچستان پبلک سروس کمیشن اپنے ایک بڑی امتحان ہال سے محروم ہے۔ پبلک سروس کمیشن نہ صرف ابھرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے بلکہ مختلف سرکاری اداروں کیلئے قابل اور باصلاحیت افسران کے انتخاب میں بھی اس کا کلیدی کردار ہے۔ کمیشن کے ہر ممبر کی ذمہ داری ہے کہ وہ میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے بلا تفریق اور تعصب اپنا کردار ادا کریں تاکہ حق اس کے حقدار تک پہنچ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) مہتا کیلاش ناتھ کوہلی سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں کمیشن کی کارکردگی، بڑے امتحانی ہال کے قیام، میرٹ کی پاسداری، درپیش مالی مسائل، امتحانات اور انٹرویوز کے طریقہ کار اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو مزید مالی طور پر مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ خود ایک بڑے امتحانی ہال کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اپنی دیگر سرگرمیوں کو بھی بڑے پیمانے پر وسعت دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے امتحانات اور انٹرویوز میں خالص میرٹ کو برقرار رکھ کر اور حقدارکے اپنے حق کی فراہمی کو یقینی بنا کر بلوچستان میں بیروزگاری اور خصوصاً نوجوانوں میں مایوسی کو بآسانی ختم کیا جا سکتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کمیشن کے احاطے میں ایک نئے بڑے امتحانی ہال کی فوری تعمیر سے ادارے اور امیدواروں کیلئے بہت سی سہولتیں پیدا ہو سکتی ہیں۔ گورنر مندوخیل نے چیئرمین پبلک سروس کمیشن پر زور دیا کہ وہ اپنے ادارے کی کارکردگی اور طریقہ کار کو مزید موثر اور شفاف بنائیں تاکہ کمیشن سمیت دیگر اداروں پر عوام کا اعتماد مزید بڑھ سکے۔
بلوچستان پبلک سروس کمیشن قابل اور باصلاحیت افسران کے انتخاب میں اس کا کلیدی کردار ہے ،جعفرخان مندوخیل

ٹیگز:
جعفرخان مندوخیل
