کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلا ل خان کاکڑ کی زیر صدارت صوبے میں معدنی وسائل کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری، باالخصوص سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسرقائم لاشاری، بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی (BMEC)کے چیف ایگزیکٹو آفیسرشاہ زیب جمالدینی، بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ (BMRL) کے ہیڈ آف ایکسپلوریشن حفیظ بلوچ سمیت محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے نمائندوں اور حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بلوچستان کے مائنز اینڈ منرلز کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے معدنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکتا ہے، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبائی معیشت کو استحکام ملے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور یہاں مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں بے پناہ سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ حکومت بلوچستان غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سرمایہ کاری محض کاروباری مفاد تک محدود نہ رہے بلکہ مقامی آبادی کی ترقی، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا ذریعہ بھی بنے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور سہولت کاری کے لیے کام کر رہا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ تعلقات معدنی وسائل کے شعبے میں مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل ہوں گے۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ایک ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور سہولت کاری کے لیے کام کر رہا ہے، بلال خان کاکڑ

ٹیگز:
بلال خان کاکڑ
